نوشہرو فیروز؛ ڈپٹی کمشنر  کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کی صورتحال کا جائزہ

32

نوشہرو فیروز، 05 جولائی(اے پی پی ):   ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے کے بعد رات دیر گئے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین پیر قربان سہروردی، وائس چیئرمین ڈاکٹر کاشف مصطفیٰ میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمار حسين اور ٹاؤن افسر آفتاب ملاح کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

 انہوں نے سندھ کالونی، عرب کالونی، اسپتال روڈ، اسٹیشن روڈ،مین روڈ اور پڈعیدن روڈ پر نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین پیر قربان نےپبلک ہیلتھ ڈسپوزل پمپ پر ڈیوٹی سے غائب پمپ آپریٹر ارشاد پپو اور عقیل عمرانی کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

میونسپل کمیٹی کے چیئرمین پیر قربان سہروردی نے کہا کہ سینیٹری ورکر اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری لگانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

 عرب کالونی کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو بتایا گیا کہ ڈسپوزل کے کنویں اور گٹروں کی صفائی کے دوران ٹینٹ اور ربڑ کے ٹکڑے نکلے ہیں ۔

اس موقع پر پیر قربان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جان بوجھ کر شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کو متاثر کیا جا رہا ہے انہوں نے فوری طور پر اس واقعہ کی تحقیقات کرنے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے ٹاون افسر کو ہدایات دیں کہ فوری طور پر ڈسپوزل پمپ کے کنویں کی صفائی کرائی جائے تاکہ متوقع بارشوں میں نکاسی آب کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔