لاہور،06جولائی ( اے پی پی ): سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ نظام میں شفافیت لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں آئی ٹی اصلاحات کے حوالے سے بورڈ کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بورڈ آف ریونیو میں آئی ٹی اصلاحات بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سینئرممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایگریکلچر ٹیکس ڈیجٹل طریقہ کار کے ذریعے اکٹھا کیا جائے گا، پی آئی ٹی بی محکمہ ریونیو کے لئے جلد از جلد آٹومیشن سوفٹ ویر تیار کرے اور سنٹرل فارمرز ڈیٹابیس میں مزید جدت لائے اور ڈیجیٹل گرداوری و ای اسٹیمپنگ سسٹم کی سروسز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی انفارمیشن کے لیے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقہ کار پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جس سے بورڈ اف ریونیو کے معاملات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت ممکن ہو سکے گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت اور ریکارڈ بھی محفوظ ہو گا۔
نبیل جاوید نے ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال پر گہری نظر رکھی جائے اور عوام الناس کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں ممبر ٹیکسز طارق قریشی، ممبر کالونیز محمد خان رانجھا، چیف سیٹلمنٹ کمشنر، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ڈی جی پی آئی ٹی بی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔