پشاور میں یوم تقدس قرآن ریلی، منعقدہ احتجاجی ریلی سے گورنر و دیگر رہنماؤں کا خطاب

12

پشاور ,7جولائی(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ ناموس قرآن پاک ہمارے ایمان کاحصہ ہے، اسلامی شعائر، کلام پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت حرکت اور سنگین جرم ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا نے یوم تقدس قرآن کے موقع پر فردوس چوک نوشو بابا مسجد سے جی ٹی روڈ پشاور پر منعقدہ احتجاجی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔

ریلی کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کی جبکہ نگران صوبائی وزراء بیرسٹر فیروز جمال، فضل الہی، حامد شاہ، عدنان جلیل، رحمت سلام خٹک بھی احتجاجی ریلی میں شریک تھے۔

گورنر حاجی غلام علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، اسلامی شعائر کی حفاظت اور تقدس برقرار رکھنا ہمارے کامل ایمان کا تقاضا ہے۔

گورنر حاجی غلام علی نے قرآن پاک کو مسلمانوں کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بے حرمتی پر خاموش نہیں رہیں گے۔

احتجاجی ریلی میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیت سمیت بزنس کمیونٹی اور بچوں، نوجوانوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔