گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے  وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں نگران صوبائی کابینہ کی ملاقات

19

لاہور،11 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں نگران صوبائی کابینہ نے منگل کو  یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امورکے علاوہ صوبے میں تعلیم، صحت،زراعت بالخصوص جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزرا عامر میر، سید اظفر علی ناصر، منصور قادر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، بلال افضل، وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے قانونی امور کنور دلشاداور مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل وہاب ریاض موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت کے فروغ، قانون اور آئین کی بالادستی اور ملکی سلامتی کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔

 گورنر پنجاب نے نگران وزیر اعلی پنجاب اور نگران صوبائی کابینہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے کو مختصر کابینہ سے احسن طریقے سے چلانا قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب کی صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کاوشیں لائق تحسین ہیں تاہم بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے اور یہ عمل رکنا نہیں چاہیے۔

گورنر پنجا ب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے سے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور یہ بات خوش ئند ہے کہ اس حوالے سے صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکولوں سے باہر بچوں کو انرول کیا جائے اورپنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو دوبارہ بہتر انداز میں چلایا جائے۔

ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ہوم اکنامکس کالج بہاولپور جو 2018سے تقریبا مکمل ہے کو فوری طور پر مکمل کر کے چلایا جائے۔ بہاولپور انسٹیٹیوٹ آف سانئس اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی طرف سے زمین دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ بی ایچ یو اور ڈسپنسریوں کو بڑے ہسپتالوں سے منسلک کرنے کے فیصلہ کو واپس لے کر بہتر انداز سے چلایا جائے اور ملتان میں آنکھ کے جدید ترین ہسپتال کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرا کے عوام کے لئے کھول دیا جائے۔

 اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ مختصر مدت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔