پشاور، 12 جولائی(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے آج یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں تعلیم، تجارت، زراعت و سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آسٹریلین ہائی کمشنر کو صوبہ میں پاک آسٹریلیا ٹیکنیکل سنٹر کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ ٹیکنیکل سنٹر کے قیام سے صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو آسٹریلیا کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا صوبہ کے پسماندہ اضلاع کے غریب نوجوانوں کو شعبہ تعلیم میں آگے لانے کیلئے معاونت کرے تاکہ ہمارے جو نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن غربت و نامساعد حالات کے وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں وہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکیں۔ جسطرح آسٹریلین عوام و حکومت پرامن سوچ کی حامل مہذب قوم ہے، اسطرح ہم بھی انکے نقش قدم پر چل کر مہذب قوم بننا چاہتے ہیں، جسکے لئے تعلیم ایک اہم عنصر ہے۔
اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا خیبر پختونخوا میں شعبہ تعلیم، زراعت سمیت مختلف پروگراموں پر کام کر رہا ہے، جبکہ آسٹریلیا میں 15 ہزار پاکستانی نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے تمام نوجوانوں کو میرٹ پر اسکالرشپس دے رہی ہے۔
انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جدوجہد میں خیبرپختونخوا کے عوام و حکومت کے کردار کو سراہا اور انکے کردار کو امن عامہ کے پیش نظر نہایت اہم قرار دیا۔











