ملتان،20 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور کمرشلائزیشن کے خلاف ایکشن کی ہدایت کی ہے ۔ایم ڈی اے،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی مشترکہ ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ایم ڈی اے،ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے حکام نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ماسٹر پلان کے مطابق ہی شہر کے انفراسٹرکچر کو بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سائٹ ڈویلپمنٹ زونز مختص کرکے زراعت و باغات کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا باغوں اور زرعی علاقوں کے تحفظ کیلئے بوگس کمرشل سرگرمیوں کو روکا جائے اور ہاؤسنگ کالونیوں کی منظوری میں زرعی علاقوں کو خصوصی مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے کہا آبادی کے لحاظ سے سروسز اور کمرشل سہولیات کا طریقہ کار طے کیا جائے، سیٹلمنٹ ایریاز میں قادر پور راں، مخدوم رشید، بستی ملوک شامل ہیں۔











