لاہور20جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت، صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ حکومت خطہ پوٹھوہار میں ہائی ویلیو ایگریکلچر اور کاشتکاری کو فروغ دینے کے لئے آبی وسائل بڑھانے اور جدید نظام آبپاشی کی تنصیب کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔اس ضمن میں سمال ڈیمز کی تعداد بڑھانے اور کمانڈ ائریا ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ کاشتکاروں کیلئے ذرائع آبپاشی کو بہتر بنا کر زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔
وہ آج محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں پوٹھوہار رکے علاقہ میں منی ڈیم اور جدید نظام آبپاشی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی پنجاب واصف خورشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت(اصلاح آبپاشی) پنجاب ملک محمد اکرم،پراجیکٹ ڈائریکٹر سمال ڈیم ضلع جہلم پرویز اختر،پراجیکٹ ڈائریکٹر سمال ڈیم اسلام آباد غلام رسول،ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی ہیڈکواٹر لاہور حافظ قیصر یاسین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بریفنگ دوران بتایا گیا کہ خطہ پوٹھو ہار شمالی پنجاب اور مغربی آزاد کشمیر کے درمیان واقع ہے اور چکوال،اٹک،جہلم اور راولپنڈی/اسلام آباد کے اضلاع پر مشتمل ہے۔یہ علاقہ2600 گاؤں پر مشتمل ہے جہاں سالانہ اوسط بارش 400 سے1400 ملی میٹر ہوتی ہے۔اس علاقہ میں کنٹرولڈ ذرائع آبپاشی موجود نہ ہونے کے باعث سمال ڈیمز تعمیر کئے جاتے ہیں۔اس ضمن میں 1962ء سے اب تک 58 سمال ڈیمز تعمیر کئے گئے ہیں جو کہ 77 ہزار7 سو29 ایکڑ بارانی علاقہ میں آبپاشی کا ذریعہ ہیں۔محکمہ آبپاشی کاکام سمال ڈیمز کی تعمیر ہے جبکہ محکمہ زراعت کمانڈ ائریا کی ڈویلپمنٹ کرتا ہے تاکہ آبپاشی کے لئے پانی مہیا کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت(اصلاح آبپاشی) پنجاب ملک محمد اکرم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت خطہ پوٹھوہار میں اب تک25 ہزار7 سو46ایکڑ رقبے پر ہائی ایفیشنسی نظام آبپاشی کی تنصیب اور اس جدید نظام آبپاشی کو چلانے کے لئے8 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر سولر سسٹم کی تنصیب کر چکا ہے۔اس علاقہ میں نظام آبپاشی کو بہتر بنانے کے لئے371 کھالہ جات کی اصلاح کی جا چکی ہے اور26سو سے زائد کنویں کھودے گئے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے خطہ پوٹھو ہار میں سمال ڈیمز کی تعداد میں اضافہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ مستقبل میں غذائی خودکفالت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔مستقبل میں گندم اور کپاس کی کاشت بھی اس علاقہ میں ممکن ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں ذرائع آبپاشی کو بہتر بنائے بغیر پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے خطہ پوٹھوہار میں سمال ڈیمز بنانے کے لئے واپڈا اور محکمہ آبپاشی کے درمیان کوآرڈینشن بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ خطہ پوٹھو ہارمیں زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے جس سے غذائی خود کفالت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔











