نوشہرہ ورکاں؛نوجوان نسل کو پتنگ بازی سے باز رکھنا ، والدین کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، ڈی ایس پی عبد الحمید

80

نوشہرہ ورکاں،22 جولائی(اے پی پی):ڈی ایس پی سرکل چوھدری عبد الحمید ورک نے کہا ہے کہ دھاتی ڈور سے پتنگ بازی کا مشغلہ دہشت کی علامت بن چکا ہے اور نہ جانے اب تک کتنی انسانی جانیں ضائع ہونے سے گھروں کے چراغ گل ہو چکے ہیں۔پتنگوں اور دھاتی ڈور کی فرخت کے علاؤہ  نوجوان نسل کو پتنگ بازی سے باز رکھنے کے لیے والدین کے ساتھ ساتھ دوست احباب، محلے دار اور سول سوسائٹی کے ارکان کو بھی اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی سرکل چوھدری عبد الحمید ورک نے پریس کلب رجسٹرڈ نوشہرہ ورکاں میں میٹ دی پریس پروگرام میں خطاب اور سوال و جواب کی نشست کے دوران کیا۔ڈی ایس پی سرکل چوھدری عبد الحمید ورک نے کہا کہ پتنگ بازی سے روکنے کے لیے مختلف پلیٹ فارم پر اس پیغام کو عام بنانے کے لیے جائیں گے اور قاتل ڈور سے ہونے والے جانی و جسمانی نقصان کے بعد والدین بھی گرفت میں لائے  جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ایس ایچ او نوشہرہ ورکاں عمران نسیم بٹ بھی موجود تھے۔ پریس کلب رجسٹرڈ نوشہرہ ورکاں کے مختلف ارکان شیخ منیر احمد آزاد اور صدر پریس کلب راشد خاور  نے مختلف حوالوں سے انتظامی امور کی جانب توجہ دلائی۔

 ڈی ایس پی چوھدری عبد الحمید ورک کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سروس میں میرٹ پر کام کرنے اور ماتحت سے کروانے کا عزم  اور حوصلہ بھی رکھتے ہیں اور منشیات فروش، قبضہ گروپ، قاتل اور ڈکیت و دیگر جرائم میں ملوث کریمنل افراد کے لیے کوئی سفارش اور رعایت کا پہلو موجود نہیں ہے۔

پولیس سرکل آفیسر اور ایس ایچ او نوشہرہ ورکاں نے میٹ دی پریس پروگرام میں انتہائی بامقصد وقت گزارا اور پروگرام کے احتتام پر دعائے خیر کرائی گئی۔