لاہور،22 جولائی (اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت چائینز شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جی(آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ایس پی (سیکورٹی) توقیرمحمدنعیم، ایس پی (ہیڈ کوارٹر)محمد عبداللہ لک اورڈویژنل ایس پیز(آپریشنز) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈی آئی جی(آپریشنز)سیدعلی ناصر رضوی نے سی سی پی لاہور کو چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت میں قائم قونصل خانوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں مقیم چینی شہریوں، چائنیز انسٹالیشن کی انتظامیہ، فوکل پرسنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ ورکنگ سائٹس اور دفاتر کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چائینز شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ کاروباری یا نجی مقاصد کیلئے آنے والے چائینز شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی لاہور پولیس کا اولین فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس پی یو کے تربیت یافتہ اہلکار چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض پوری فرض شناسی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔چائینز سمیت تمام غیر ملکی افراد کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔