فیصل آباد ،24 جولائی(اے پی پی):سینئر ایڈوائزر وفاقی محتسب اسلام آباد احمد فاروق نے پیرکی صبح اچانک ریجنل پاسپورٹ آفس فیصل آباد اور ایگزیکٹو آفس نادرا کوہ نور پلازہ فیصل آبادکادورہ کیا، محکمہ کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات و دیگر دفتری امور کا جائزہ لیا۔
ریجنل پاسپورٹ آفس اور ایگزیکٹو آفس نادرا کوہ نورپلازہ فیصل آبادکے بارے میں مختلف عوامی شکایا ت موصول ہونے پر وفاقی محتسب اعلیٰ اسلام آباد اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے آنےوالے خواتین و حضرات سے بھی پاسپورٹ آفس میں پیش آنےوالی مشکلات بارے دریافت کیا جن میں سے کچھ شکایات کو موقع پرہی حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔
احمد فاروق نے کہا کہ ان کایہ اچانک دورہ شہریوں کی طرف سے وفاقی محتسب دفتر کو موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے اور ان کے فوری تدارک کیلئے ہے۔اس موقع پر انہوں نے ریجنل پاسپورٹ آفس فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آصف کو ہدایت کی کہ دفتر میں سائلین کی سہولت کیلئے مرد و خواتین کیلئے مزید ایک ایک ڈیسک کا اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پاسپورٹ دفتر میں بد عنوانی اور رشوت لینے کے واقعات کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آصف نے انہیں یقین دلایاکہ عوامی سہولیات کو مد نظررکھتے ہوئے مردوں و خواتین کے مزید2 ڈیسک آئندہ 48گھنٹوں کے اندر قائم کر دیئے جائیں گے۔
بعد ازاں سینئر وفاقی ایڈوائز رنے نادرا کے ایگزیکٹو آفس کو ہ نور کا بھی اچانک دورہ کیا۔وہاں بھی انہوں نے عوامی،انتظامی و دفتری امور کی انجام دہی کے بارے میں دریافت کیاجن میں سے بعض سائلین کو درپیش مسائل کو موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات دیئے گئے۔ انہوں نے ریجنل آفس پاسپورٹ فیصل آباد اور نادرا کے ایگزیکٹو دفتر کوہ نور پلازہ کے باہر وفاقی محتسب کے بورڈ آویزاں کرنے کے بھی احکامات دیئے۔
اس موقع پر ریجنل وفاقی محتسب فیصل آباد کے ایسوسی ایٹ ایڈوائزر سید غظنفر مہدی اور دیگرحکام و اہلکاران بھی ان کے ہمراہ تھے۔











