اسلام آباد،26 جولائی( اےپی پی): وزیرمملکت اور چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ٹیکسلا کے قدیمی کھنڈرات کا دورہ کیا، فلپائنی سفارتکار، یونیورسٹی اسٹوڈنٹس اور میڈیا نمائندگان بھی وزیرمملکت کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ حالیہ دورہ وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے تحت ہر ہفتے گندھارا تہذیب کی باقیات کا کھوج لگانے کی ایک کڑی ہے۔ آج خطے کے عظیم فلسفی کوٹلیا چانکیہ کے تعلیمی مرکز میں موجودگی باعثِ فخر ہے۔ ٹیکسلا روڈ پر واقع جولیان اور موہرہ مرادو اسٹوپا گندھارا تہذیب کی اہم نشانیاں ہیں۔ چانکیہ نے ٹیکسیلا کی سرزمین پر ارتھ شاستر اور چانکیہ نیتی کتابیں تحریر کیں۔ موہرہ مرادو اور جولیان کا تحفظ بہترین انداز میں کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں واقع موہرہ مرادو اور خیبرپختونخوا کے جولیان کھنڈرات کو باہمی منسلک کرنا چاہتا ہوں۔ گندھارا کے قدیمی ورثے کا تحفظ سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیر مملکت نے سیاحوں کی سہولت کیلئے چیئرلفٹ متعارف کرانے کی تجویز دی۔گندھارا کے ہفتہ وار دوروں کا مقصد گندھارا تہذیب کی باقیات، کھنڈرات اور مقدس مقامات کا جائزہ لینا ہے۔
وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر گندھارا سیاحت کے فروغ کیلئے عنقریب سرپرائز کا اعلان کروں گا۔
فاروق











