لاہور 27 جولائی ( اے پی پی ): نگران کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی اور پرائیویٹائزیشن کا پانچواں اجلاس نگران وزیر ہاؤسنگ، اوقاف و مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر بیرسٹر اظفر علی ناصر کی زیر صدارت کمیٹی روم وزیر اعلیٰ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزراء منصور قادر، بلال افضل، ایس ایم بی آر، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ریگولیشنز، چیئرمین لیکویڈیشن بورڈ نے شرکت کی۔ نگران وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر جمال ناصر منڈی بہاؤالدین سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں معذور ملازمین کی پروموشن اور اہلیت جانچنے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف کی بطور وائس چیئرپرسن پیفڈا (پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی) تعیناتی کی منظوری دی۔ اجلاس نے تفتیشی یونٹس برائے سپیشل جنسی جرائم کے قیام کی منظوری دی۔ قائمہ کمیٹی نے ڈائیلسز سنٹرز اور علاج و بحالی مراکز برائے نفسیاتی امراض کے لیے بھی کم از کم سروس ڈیلیوری سٹینڈرڈز کے قیام کی منظوری دی۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی اور پرائیویٹائزیشن کے اجلاس میں محکمہ ایکسائز اور پی آئی ٹی بی کے مابین سروس لیول معاہدے کی مدت میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔











