نوشہرہ ورکاں،29 جولائی(اے پی پی):نوشہرہ ورکاں اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش، گلیاں بازار سیلابی صورت اختیار کر گئے ،یوم عاشور کی نسبت سے میونسپل عملہ برساتی پانی کے انخلاء کے لیے مصروف،نوشہرہ ورکاں میں رات گئے شدید بارش سے شہر بھر کی شاہراوں پر پانی کھڑا ہو گیا اور پیدل چلنے والوں کو دشواری کا سامنا رہا جبکہ یوم عاشور اور جلوس کی برآمدگی حوالہ سے جلوس کے روٹ پر پانی کے انخلا ءکا سلسلہ اور صفائی کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ مصروف ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر کا کہنا ہے کہ مزید بارش کا سلسلہ تھما رہا تو جلوس کے راستوں سے برساتی پانی کے انخلا ءکے لیے عملہ میونسپل کمیٹی تمام تر ذرائع استعمال میں لا کر راستہ کلیئر دیں گے اور چیف آفیسر سدرا ڈار کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق سپرنٹنڈنٹ رضوان علی اور سینٹری انسپکٹر محمد لقمان کی نگرانی میں پانی کے انخلاء اور صفائی کا سلسلہ بر وقت مکمل کرنے کی کوشش جاری ہے۔











