کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ جلوس کی سیکورٹی کے لئے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں یوم عاشور کے موقع پر چار ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ جلوس 38 دستوں پر مشتمل ہیں مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر آباد علمدار روڈ سے برآمد ہو گیا ہے ،نماز ظہرین کے بعد تمام چھوٹے بڑے ماتمی دستے اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہونگے مغرب کے قریب تمام جلوس اختتام پذیز ہونگے۔ ۔ اظفر مہسر نے بتایا کہ بی ڈی ٹیموں نے گزشتہ روز تمام علاقے کو سرچ کر کے کلیر قرار دیا ہے بلند بالا عمارتوں پر بھی سیکورٹی فورسز کے جوان تعینات کئے گئے ہیں، جلوس کی نگرانی کے لئے چار جگوں پر کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے اس بار خواتین پولیس اہلکار بھی جلوس کے اندر اور باہر تعینات کئے گئے ہیں۔











