پشاور، سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور کی یوم عاشورہ کے جلوسوں کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو

30

پشاور، 29جولائی(اے پی پی): سی سی پی او پشاور، سید اشفاق انور نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے موقع پر تمام اداروں اور سیکورٹی اقدامات پر مذہبی رہنماوں ،میڈیا ، تاجر تنظیموں ، علماء کرام، امن کمیٹی کے مشران اور سب سے بڑھ کر پشاور کے شہریوں کے تعاون کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں تیرہ ہزار پانچ سو پولیس افسران اور اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض احسن طریقے سے انجام دیئے، ساتھ ہی پولیس ، ضلعی انتظامیہ، پیسکو، ریسکیو، محکمہ صحت سمیت پشاور کے امن کمیٹی اور جتنے بھی دیگر یونٹس ہیں انکا بہترین کارکردگی پر سب کا میں مشکور ہوں۔

سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے آج یوم عاشورہ کے جلوسوں کے اختتام پر کوہاٹی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم عاشورہ تھا، یوم عاشورہ کے 15 ماتمی جلوسوں کے لیے کیپٹل سٹی پولیس نے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے تھے، اور اب شام غریباں کیلئے بھی پولیس نے سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔

 سی سی پی او سید اشفاق انور نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ  محرم الحرام کے پر امن انعقاد کی خاطر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام ،تاجرتنظیموں ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں سے خصوصی میٹنگز کرکے سکیورٹی انتظامات کو فل پروف بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے جسمیں پاک آرمی سمیت ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی معاونت کیساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں کی بھر پور معاونت حاصل رہی۔

سی سی پی او سید اشفاق انور نے کہا کہ اندرون شہر کے انٹری پوائنٹ پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا اور ماتمی جلوسوں کی نگرانی کیلئے سپریم کمانڈ پوسٹ کیساتھ ساتھ تھانہ خان رازق شہید میں جدید کیمرہ کنٹرول روم قائم کیا گیا، ساتھ ہی شہر کے اہم مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمروں ، سرویلنس کیمرہ موبائل اور ڈرون کمیروں کے زریعے مانیٹرنگ کی گئی

سی سی پی او نے محرم الحرام سے قبل پشاور پولیس کے انٹلی جنس بیسڈ متعدد ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور شہر میں اضافی نفری کیساتھ ساتھ پولیس کمانڈو دستے،سٹی پٹرولنگ فورس اور لوکل پولیس کی مسلسل گشت سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی بہتر بنانے کی خاطر ٹربل سپاٹس، گن پوائینٹ جبکہ اونچی عمارتوں پر سنائپر شوٹرز تعینات کئے گئے۔  امام بارگاہوں کے داخلی راستوں میں واک تھرو گیٹ نصب کرنے کیساتھ ساتھ رضاکار بھی تعینات رہے جبکہ تمام ماتمی جلوسوں کے روٹس کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگ کے زریعے مسلسل سویپنگ جاری رہی۔

سی سی پی او نے کہا کہ شہر میں قائم سپیشل ناکہ بندیوں کے دوران مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی گئی، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں بھی پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مضافات اور اندرون شہر کے اہم مقامات پر بکتر بند گاڑیوں کا گشت بھی کیا گیا اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اندرون شہر وال سٹی کو چھ محرم سے ہی سیل کردیا گیا  ۔