حیدرآباد،05 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ان چند لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کا درد محسوس کیا ہے، بلاول بھٹو نے واضح طور پرکہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ریلیف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،سانگھڑ کی بہنوں کے ووٹوں سے بلاول کووزیراعظم ہائوس تک پہنچائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگھڑ میں سیلاب متاثرین اور مستحق خواتین میں اپنے گھروں کی سندیں تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے بھی اپنے لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑا، سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے ہم نے بت گراکے یہاں صدیوں سے جاری فرعونیت کا خاتمہ کردیا، ہم نے یہاں انقلاب برپا کیا، آج سانگھڑ کے تینون ایم این ایز پیپلزپارٹی سے ہیں، وہ ہر دم اورکسی بھی پریشانی کے موقع پرعوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نہ بکنے والے اور نہ جھکنے والے ہیں، ہم یہاں کے نڈر عوام سے ہر وقت رابطہ میں ہیں، بلاول بھٹو خواتین کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہیں اور ان کا درد سمجھتے ہیں، سانگھڑکی بہنوں کے ووٹوں سے بلاول کو ہم وزیراعظم ہائوس پہنچائیں گے۔ انہوں نے خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ کا انقلاب رکنے والا نہیں، میری بہنوں کے ووٹ سے ہی بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے سیلاب متاثرین کو اپنے گھر کا مالک بنایا ہے، 2008 میں جب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تھا تو مخالفین ہنس رہے تھے مگر آصف علی زرداری نے اپنا کام جاری رکھا، پی ٹی آئی کی منحوس حکومت نے یہ نام بدلنے کی ناکام کوشش کی لیکن یہ پروگرام آج بھی جاری ہے اور ہر بینیفشری 9000 روپے حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کاکہنا ہے کہ ہماری جنگ انتہا پسندی، دہشتگردی، بھوک اور بیروزگاری کے خلاف ہے ، محترمہ بےنظیر بھٹو کے نعرے جمہوریت بہترین انتقام ہے، کے تحت ہمارا سفر جاری ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ سندھ میں این آئی سی وی ڈی میں مریضوں کا مفت اور معیاری علاج کیا جارہا ہے، مخالفین ہماری آدھی جتنی کارکردگی تو دکھائیں، حکومت سندھ خدمت میں سب سے آگے ہے۔











