اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):یوتھ فورم فار کشمیرانٹرنیشنل نے محکمہ آرٹ اینڈ آرکیٹیکچرکے اشتراک سے مسئلہ کشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سینیٹر سحر کامران، سفارتکار ندیم ریاض، نفیس زکریا، زمان باجوہ اور ڈاکٹر ظفر اقبال پینٹنگ مقابلے کے افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔فیصل مسجد میں منعقدہ مقابلے میں طالبات نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے گزشتہ 75سال سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارتی مظالم اور کشمیر کی خوبصورتی کو متاثر کن انداز میں پیش کرنے پر لوگوں سے داد وصول کی۔منتظمین کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد کشمیری ثقافت، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پینٹنگز میں دکھایا ہے کہ کشمیر ایک خوبصورت خطہ ہے جو اب بھارتی مظالم کی آگ میں جل رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری بھارتی تسلط کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں طلبا کو مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کا مستقبل بھی محفوظ نہیں ہے اور تصاویر ان پر ہونے والے ظلم کی عکاسی کرتی ہیں۔شرکا ء نے کہا کہ پینٹنگز محض پینٹنگز نہیں ہیں بلکہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبا ء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم کی بہترین عکاسی کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل کیا جائے۔











