ملتان ،09 اگست (اے پی پی ):نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ فیکلٹی اور سٹاف ممبران کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ریفرنس کے شرکاء نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ ان تمام افراد کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے لئے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ وفات پانے والے تمام افراد نشتر یونیورسٹی و ہسپتال کا قیمتی اثاثہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سوگواران سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سابق فیکلٹی ممبران جن میں ڈاکٹر عبدالشکور ریٹائرڈ پروفیسر آف میڈیسن، ڈاکٹر محمد ظفر ریٹائرڈ پروفیسر آف فزیالوجی اور ثریا شہناز ریٹائرڈ پرنسپل کالج آف نرسنگ سمیت ڈاکٹر محمد حسین ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ پیتھالوجی، ڈاکٹر فرخ عزیز اے پی ایم او شعبہ فرانزک میڈیسن، ڈاکٹر طارق چوہدری سینئر ڈیمنانسٹرٹر شعبہ فرانزک میڈیسن ، ڈاکٹر فیاض درانی سینئر ڈیمنانسٹرٹر شعبہ فرانزک میڈیسن اور جونیئر کلرک منصور احمد شامل تھے کی وفات پر گزشتہ روز نشتر ہسپتال آڈیٹوریم میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف اور پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود سمیت یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران سمیت ڈاکٹرز اور نرسسز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











