قصور،09 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے کیساتھ منانے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کے ضلعی سربراہان نے جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، 13اور 14اگست کو تمام سرکاری عمارتوں، اہم شاہراہوں، بازاروں سمیت دیگر اہم مقامات پر لائٹنگ کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی پی ایس میں منعقد ہوگی۔تحصیل لیول پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز جبکہ تمام محکمہ جات کے ضلعی افسران اپنے دفاتر میں پرچم کشائی کرینگے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ضلعی اور تحصیل سطح پر تمام تقریبات میں قرات، نعت، تقاریر اور دیگر مقابلہ جات کا انعقاد کروایا جائے گا۔ ضلع بھر میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے جائینگے۔محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر آزادی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیاجائیگا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظہر علی سرور،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالغفار ڈوگر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اتھارٹی ملک محمد انور،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر لائیق چوہدری، ایڈمنسٹریٹر ڈی پی ایس محمد جہانگیر چوپڑا، ڈی او سپورٹس آفیسر این اے رانا،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری اسرار احمد انجم، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود، ڈسٹرکٹ آفیسر عشر و زکوٰۃ اشفاق خاں، ڈی او سول ڈیفنس‘چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، چیف آفیسر ضلع کونسل و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں محمد عامر بٹ، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی رانا امجد محمود، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن ماہین فاطمہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











