وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے کینیڈ ین ہائی کمشنرکی ملاقات، زراعت، ماحولیات، صحت اورخواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

14

لاہور9اگست ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آج وزیر اعلی آفس میں کینیڈ ا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن(Ms. Leslie Scanlon) نے ملاقات کی جس میں زراعت، ماحولیات، صحت اورخواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا- کینیڈین ہائی کمشنرنے ماحولیات خصوصا سموگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی اورانسداد پولیو کے لئے موثر اقدامات پر پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہا-وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں -دونو ں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے-لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سموگ سے نمٹنے اور زراعت خصوصا آئل سیڈز ڈویلپمنٹ کے لئے کینیڈا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں ماحولیات کی بہتری کے لئے 5 ہزار ایکڑ رقبے پر بوٹینیکل گارڈن کا منصوبہ بنایا ہے – پوری کوشش ہے کہ سموگ سے نمٹا جائے اور ہم اپنے بچوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں – محسن نقوی نے کہا کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اوررواں برس کاٹن کی بہترین کاشت سے 3 ارب ڈالر کی بچت کی ہے- کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیں گے – صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری صحت، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیر اعلی،کینیڈین ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری برائے سیاسی امورجیمز میکنی(Mr. James Mcnee) اور سینئر پولیٹیکل آفیسر محمد زبیربھی اس موقع پر موجود تھے-