نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ لیا

25

لاہور، 10اگست(اے پی پی):  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  جمعرات کو یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور دل کے مریضوں کے لئے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ  سمیت ایمرجنسی وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور پی آئی سی میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں سے پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کے بارے دریافت کیا ۔انہوں نے بہتر ہونے والے مریضوں کو ایمرجنسی سے وارڈ میں شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے پوچھا، مریضوں اور تیمارداروں نے پی آئی سی میں فراہم کردہ طبی سہولتوں پر اطمینان کااظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز اور نرسز کو مریضوں کی مکمل دیکھ بھال کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسز دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں، مریضوں کی تعداد کے پیش نظر پی آئی سی میں نئے بیڈز کا اضافہ کررہے ہیں۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے استقبالیہ کاؤنٹر کا بھی  دورہ کیا اور مریضوں کی سہولت کے لئے نظام کا جائزہ لیا ۔پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو  ڈاکٹر احمد نعمان اور ایم ایس ڈاکٹر تحسین نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پی آئی سی میں مریضوں کے علاج معالجے کے بارے میں بریفنگ دی۔