ڈیرہ غازی خان؛جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی، کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر

19

ڈیرہ غازی خان، 10 اگست (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی، شہری حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے بھرپور شجر کاری کریں تاکہ آئندہ نسل کو صاف پاکستان دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر نے کہا کہ 14 اگست کو دن بھر تقریبات جاری رہیں گی تاہم موسمی  صورتحال  کا خیال رکھا جائے گا۔

  اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور بلوچ ،خالد پرویز،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن کریم بخش اور دیگر افسران  نے شرکت کی۔

کمشنر نے کہا کہ یوم آزادی  پر ڈویژن اور ضلعی سطح پر بیک وقت صبح 9 بجے پرچم کشائی ہوگی۔13 اور 14 اگست کو  شاندار آتش بازی ہوگی اور ڈی جی خان ڈویژن کی اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر 2  راتیں چراغاں  کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ نسل کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے14 اگست کو وسیع پیمانے پر شجر کاری کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے،نوجوان  اس جشن آزادی پر  باجوں  کے ذریعے شوروغل پیدا کرنےکی بجائے پودے  لگاکر ان کی دیکھ بھال کریں۔

کمشنر نے کہا کہ زندہ قومیں آزادی کے ایام بھرپور طریقے سے مناتی ہیں۔ڈی جی خان ڈویژن کی تمام تقریبات میں شہریوں کو  بھی شامل کیا جائے گا اور 14 اگست کو زیرو ویسٹ پالیسی بھی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں شب موسیقی کے ساتھ کھیل اور دیگر مثبت سرگرمیوں  کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے اور تمام تقریبات میں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔