ڈیرہ غازی خان؛ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان کا دانش گرلز و بوائز سکول کا دورہ

40

ڈیرہ غازی خان،10  اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے دانش گرلز و بوائز سکول ڈیرہ غازی خان کا دورہ کر کےورکنگ،ٹارگٹ،انفراسٹرکچر،نصابی،غیر نصابی اور تخلیقی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کو گرلز برانچ کی پرنسپل شبنم حسیب اور پرنسپل بوائز برانچ افسر شاہ نے الگ الگ بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمہر شاہد زمان لک نے کہا کہ طلبا وطالبات ہمارا مستقبل اور اثاثہ ہیں،ماڈل تعلیمی ادارے طلباوطالبات کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیاری تعلیم کے ساتھ طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرنا ہوگا اور سرکاری سکولوں میں دانش سکول کیطرح اصلاحات لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صلاحیتں بڑھانے کیلئے جدید ڈیوائسز استعمال کی جائیں اورسکولوں میں فنڈز کا درست استعمال کیا جائے۔

 ڈپٹی کمشنرمہر شاہد زمان لک نے کہا کہ تعطیلات کے اختتام سے قبل تزئین وآرائش کا کام مکمل کیا جائے اور سرکاری سکولوں میں بھی ایکشن پلان کے تحت معاملات بہتر کئے جائیں گے۔انہوں نے گرلز اور بوائز برانچز میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے۔

 بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے بیالوجی، کمپیوٹر، فزکس، کیمسٹری لیبز، لائبریری،ملٹی پرپز ہال،ڈسپنسری،کنٹرول روم اور کلاسز کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،سی ای او تعلیم ادریس خان،ریاض خان ملغانی،خورشید قیصرانی،خالد رسول ودیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔