ڈیرہ غازی خان، 10 اگست(اے پی پی ): سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خان نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی ہدایات پر ڈیرہ غازیخان کا دورہ کرکے کپاس کی پیداواری صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری محمد افضل ناصر خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی کپاس اپنے اعلیٰ معیار کے باعث ممتاز مقام کی حامل ہے، یہ ایک نہایت قیمتی اور نقد آورفصل ہے اور پنجاب حکومت کی زیادہ کپاس اگاؤ کے حوالے سے خصوصی ہدایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی مکمل چنائی تک فیلڈ اسسٹنٹس اور دیگر فیلڈ اسٹاف کو پوری طرح متحرک رکھا جائے کیونکہ کپاس کی زیادہ پیداوار ہی ہماری مضبوط معیشت کی ضامن ہے۔
سیکرٹری محمد افضل ناصر خان نے کہا کہ کسان ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل ہیں، کپاس کاشت کرنے والے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے دیئے گئے پیداواری اہداف کو حاصل کرکے ملکی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازیخان ملک محمد کلیم کوریہ نے بتایا کہ سپارکو کی سیٹلائٹ مانیٹرنگ ضلع بھر میں 187000 ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کی گئی ہے اور محکمہ زراعت توسیع کے افسران اور اسٹاف کی جانب سے کپاس کی بوائی سے چنائی تک کسانوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کی ڈیرہ غازیخان شہر سے جنوبی جانب جلدی بوائی جبکہ شمالی جانب تاخیر بوائی کی گئی ہے، موجودہ سیزن میں کپاس کی فصل کو کیڑوں مکوڑوں سے تاحال کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔











