لاہور، 10اگست(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کو یہاں تھانہ گلبرگ، لبرٹی کا دورہ کیا۔انہوں نے فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا اورفرنٹ ڈیسک پر درخواستیں دینے والے شہریوں سے بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے درخواستوں پرمزید کارروائی کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کا حکم دیااور24گھنٹے گزرنے کے باوجود بعض درخواستوں پر کارروائی نہ کئے جانے پر برہمی کااظہار کیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سائلین کو ایف آئی آر کے اندراج کا میسج ملنے کے ساتھ ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیاجائے اور ای میل کے ساتھ ایف آئی آر بھی بھجوائی جائے تاکہ درخواست گزار کو بار بار تھانے کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
تھانے آنے والے جوڑے نے قذافی سٹیڈیم میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو رشوت لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے روزنامچہ، مال خانے، انویسٹی گیشن ونگ اور گلبرگ ٹریفک سیکٹر کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کا بھی دورہ کیا اور حوالات میں موجود ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مال خانے کی ابتر حالت پر ناراضگی کااظہار کیااورتھانے کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے فرنٹ ڈیسک پر آٹومیٹڈ ٹوکن مشین کا بھی معائنہ کیا اور خود فون نمبر درج کر کے ٹوکن نمبر لیا۔











