گوجرانوالہ؛ تین ملازمین کو قتل کرکےٹول پلازہ کی وین لوٹنے والے ملزمان  گرفتار

26

گوجرانوالہ، 11اگست(اے پی پی):  تین ماہ قبل ٹول پلازہ کی وین لوٹ کرتین ملازمین کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2مئی کو ملزمان ٹول پلازہ کی کیش وین سے 63لاکھ 51ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے اور دوران واردات ملزمان نے فائرنگ کرکے وین میں موجود تین ملازمین کو بھی قتل کر دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان پولیس سے بچنے کے لیے اپنی لوکیشن بھی تبدیل کرتے رہے، تاکہ پولیس ان تک نہ پہنچ سکے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے 30کے قریب چھاپے مارے ،پولیس نے سائنٹیفک انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ملزمان کے قبضہ سے 13لاکھ روپے نقدی اور جدید اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ۔

 سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان کے ہوش ربا انکشافات سامنے آئے ہیں،ملزمان واردات سے قبل کئی روز تک وین کی ریکی کرتے رہے۔انہوں نے  بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے قتل اور ڈکیتی کی درجنوں ورادتوں کا انکشاف بھی کیا ہے اور ملزمان پولیس کی وردی پہن کر وارداتیں کرتے تھے ۔

سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔