بھکر ؛ جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر رنگارنگ تقریبات کا  باقاعدہ آغاز

17

بھکر ، 11 اگست(اےپی پی): جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر رنگارنگ تقریبات کا  جمعہ سے باقاعدہ طور پر آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی دفتر صنعت زار میں یوم پاکستان کے حوالہ سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان تھے۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی رب کریم کی ایک بڑی نعمت ہے جس کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی انتھک جد وجہد میں مردوں کیساتھ ساتھ خواتین نے بھی اپنا نمایاں کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں وطن عزیز پاکستان معرض وجود میں آیااور  کہا کہ قومی ترقی و خوشحالی کیلئے آج بھی خواتین زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی دفتر صنعت زار میں خواتین اور بچوں کی جانب سے 14 اگست کی مناسبت سے خوبصورت نمائشی سٹالز کا معائنہ بھی کیا اور خواتین اور بچوں کی محنتوں اور صلاحیتوں کو بھی خوب سراہا ۔

ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم “ہر بشر دو شجر”کے تحت صنعت زار میں پودے بھی لگائے اور متعلقہ افراد کو پودوں کی دیکھ بھال کیلئے بطور خاص ہدایات جاری کیں ۔اس موقع ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملک مشتاق حسین اور مینجر صنعت زار ظفر اقبال کھارا بھی موجود تھے۔