گوجرانوالہ؛پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ،1ہزار632 لیٹر بوتلیں تلف

29

گوجرانوالہ،11 اگست(اے پی پی): جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس تیار کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں،  خفیہ اطلاع پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے  سمن آباد چونگی پر واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارتے ہوئے 1ہزار632 لیٹر معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں، خالی بوتلیں،مضر صحت کیمیکلز اور کھلے رنگ تلف کر دئیے جبکہ  جعلی لیبلز، ڈھکن، پریشر پمپ،مشینری، ایئرکنڈیشنز، ایگزاسٹ، سیلنگ پنکھے اور گیس سلنڈر ضبط، مقدمہ درج  کر لیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کے مطابق کھلے رنگ،کیمیکلز اور آلودہ پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں  نے بتایا کہ ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں،کیمیکلز سے تیار محلول نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا،جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ جعلی بوتلوں کو مختلف چھوٹی بڑی دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی بوتلوں کا گھناؤنا دھندہ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ملاوٹ  اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر دیں۔