پاک نیوی کیلئے 2 نئی آف شور پٹرول ویسلز کی تیاری جاری

18

اسلام آباد، 13 اگست(اے پی پی ):پاک بحریہ کے ماڈرنائزیشن پروگرام کے تحت چینی ساختہ طغرل کلاس فریگیٹس کی شمولیت اور ملجم کلاس ہیوی کورویٹس کی لانچنگ کے بعد 2 نئی آف شور پٹرول ویسلز کی تیاری جاری ہے ،رومانیہ کے ڈامن شپ یارڈ میں یرموک کلاس آف شور پٹرول ویسلز کے دوسرے بیچ کی تیاری کی جا رہی ہے ۔

نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے گذشتہ برس 12 اکتوبر کو ایک جہاز کی کیل لیئنگ اور دوسرے کی اسٹیل کٹنگ کا افتتاح کیا تھا۔

ڈامن شپ یارڈ کے مطابق یرموک کلاس سے تعلق رکھنے والے تیسرے او پی وی کی آئندہ برس فروری میں پاک بحریہ میں شمولیت متوقع ہے ،یرموک کلاس کا چوتھا جہاز 2024 کے اگست تک پاکستان نیوی کا حصہ بن سکتا ہے۔

پاک بحریہ میں یرموک کلاس کا پہلا او پی وی فروری 2020 اور دوسرا نومبر 2020 میں شامل ہوا تھا،یرموک کلاس کے پہلے 2 جہازوں او پی وی 2300 کی بہترین کارکردگی کی بدولت پاک بحریہ نے مزید 2 جہازوں کی تیاری کا آرڈر دیا۔

یرموک کلاس کے نئے جہاز پہلے دو جہازوں کے مقابلے میں  حجم میں بڑے اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہوں گے، نئے یرموک کلاس جہازوں کو ان کی صلاحیتوں کی بدولت گائیڈڈ میزائل کورویٹس کا درجہ دیا جائے گا، پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک کی 2300 ٹن ڈسپلیسمنٹ کے مقابلے نہیں نئے ملٹی مشن جہازوں کی ڈسپلیسمنٹ 2600 ٹن ہو گی۔

نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نئے جہازوں کو فورس ملٹی پلائر اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صلاحیتوں کے لئے اہم اثاثہ قرار دے چکے ہیں،120 رکنی عملے کے ساتھ او پی وی 2600 کی لمبائی 98 میٹر اور چوڑائی 14.6 میٹر ہو گی،76 ملی میٹر مین گن کے ساتھ نئے یرموک کلاس جہازوں پر سیکنڈری اور دیگر چھوٹی گنز بھی ہوں گی،سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے لئے ورٹیکل لانچنگ  سسٹم اور اینٹی ائیر میزائل سسٹم بھی دستیاب ہو گا،پاکستان کا اپنا تیار کردہ حربہ کروز میزائل بھی نئے یرموک کلاس جہازوں کے اسلحہ خانے کا اہم حصہ ہو گا،6 ہزار ناٹیکل مائل کی رینج کے ساتھ نئے یرموک کلاس جہازوں کی رفتار 12 ناٹس کے لگ بھگ ہو گی۔