ملتان، 14 اگست(اے پی پی ): سبز پرچم کے سائے تلے پوری قوم آزادی کے جشن میں شریک ہوئی۔ اس سلسلے میں پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مرکزی تقریب گھنٹہ گھر چوک پر منعقد ہوئی۔تقریب میں پولیس،ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز نے جھنڈے اٹھا کر واک کی۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک ،ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے 20’30 فٹ کا قومی پرچم سربلند کیا۔8:58 پر سائرن بجایا گیا جبکہ فضا میں امن کا پیغام کبوتر آزاد کئے گئے۔
اس موقع پر کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے آج تجدید عہد کرنے کا دن ہے۔ہمارے بزرگوں نے جانوں کا نذرانہ دیکر آزاد ملک حاصل کیا۔آج بیرونی و اندرونی طور پر ملک کو مستحکم کرنے کیلئے نئے جذبے کی ضرورت ہے۔
ڈی سی ملتان عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آج شہداء تحریک آزادی اور ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا ۔تمام مکاتب فکر کے نمائندگان ملکی ترقی کیلئے آگے آئیں ۔یوم آزادی لاکھوں جانوں کے خون کے نذرانے کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
تقریب میں سول سوسائٹی،امن کمیٹی اور ضلعی افسران نے بھرپور شرکت کی جبکہ ڈاچی ڈانس، ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے گئے ۔











