لاہور،15 اگست(اے پی پی):نگران صوبائی وزیرصحت وسوشل ویلفیئراینڈبیت المال ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا ہے کہ لاہورکی شاہراؤں پر نشہ کے عادی افراد کی بحالی کی پوری کوشش کریں گے،نشہ کے عادی افراد کی بحالی کرکے انہیں ایک ذمہ داری شہری بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہارپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے تفصیلی دورہ پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران لاہورکی شاہراؤں پر موجود نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا،متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افرادکی بحالی کی ہدایت کی ہے۔محکمہ صحت،محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈبیت المال اور محکمہ پولیس لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افراد کی بحالی میں بنیادی کرداراداکریں گے،محکمہ سوشل ویلفیئراینڈبیت المال کی جانب سے نشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے “روشن گھر”کے نام سے سنٹرکاقیام بھی عمل میں لایا جا رہاہے۔
نگران صوبائی وزیر ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ لاہورکی شاہراؤں پرموجودنشہ کے عادی افرادکی بحالی کیلئے علاج وادویات کی فراہمی جناح ہسپتال، بحالی کے اقدامات محکمہ سوشل ویلفیئراینڈبیت المال اور سکیورٹی انتظامات کو محکمہ پولیس یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے فیزمیں روشن گھرپروگرام میں نشہ کے عادی 100افرادکی بحالی کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔
ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ نشہ کے عادی افراد کی کونسلنگ کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے انسٹرکٹرزخدمات سرانجام دیں گے،ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹرمیں نشہ کے عادی افراد کے کھانے کی ذمہ داری محکمہ سوشل ویلفیئراینڈبیت المال کے ذمہ ہوگی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان ،سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن راجہ منصوراحمد، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شاہدہ فرخ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ و دیگر محکمہ جات کےافسران نے شرکت کی۔











