بھکر،15 اگست(اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی احکامات پر چک نمبر 30یونین کونسل گڈولہ میں “اب گاؤں چمکیں گے”پروگرام کا باقاعدہ طور پر آغاز ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کردیا ہے۔
تقریب میں لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران،متعلقہ یونین کونسل کے نمبرداران،معززین علاقہ سمیت علاقے کے مقامی افراد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ “اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام حکومت پنجاب کا ایک انقلابی نوعیت کا پروگرام ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں سیوریج ،صفائی ستھرائی اور ناجائز تجاوزات جیسے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاکہ دیہاتوں میں موذی امراض کا تدارک یقینی بنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ شہروں کی طرح اب دیہاتوں میں بھی صفائی ستھرائی کے نظام کو مربوط و موثر بنانے کیلئے پلان مرتب کرلئے گئے ہیں اس ضمن میں تحصیل اور گاؤں کی سطح پر باقاعدہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں بنادی گئی ہیں دیہی کمیٹیاں جوکہ مقامی افراد پر مشتمل ہونگی جو تحصیل کمیٹیوں کو مسائل کی نشاندھی اور انکے حل کے بارے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔











