نارووال ، 16 اگست ( اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنرراناظفراللہ خاں نے “اب گاوں چمکیں گے “پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ،محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے میونسپل کمیٹی میں تقریب کاانعقادکیاگیا،پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں مہم کے دوران گاوں کو شہری طرز پر حکومتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات کو بھی شہروں کی طرز پر ملنے والی سہولیات میں پینے کا صاف پانی،اسٹریٹ لائٹس،صفائی ستھرائی،عملہ کی تعیناتی اس کے ساتھ دیہات میں شہروں کی طرح کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹس، فوتگی اورشادی سرٹیفیکٹس حاصل کرنے کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی اورہر یونین کونسل کو سینٹری ورکرز مہیا کیے جائیں گے، ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی،یونین کونسلز اوردیہاتوں کو صفائی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی،دیہات کی صفائی کے لیے یونین کونسل کی سطح پر جدید مشینری مہیا کی جائیگی۔
اسسٹنٹ کمشنرراناظفراللہ خاں نے کہا کہ دین اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اسے صاف ستھرا رکھیں،اس پروگرام سے گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک ہوگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہبازاحمدکیانی نے اسسٹنٹ کمشنر نارووال کو”اب گاوں چمکیں گے ” پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر یونین کونسل کو سینٹری ورکرز مہیا کیے جائیں گےاورکوڑا تلف کرنے کے لئے مقامی افراد کی مشاورت سے مقامات کا تعین کیا جائے گا، پروگرام کے تحت گلیوں اور نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے گا،پروگرام کامیاب بنانے کے لیے مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ گاوں کے ہر گھر میں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے مشینری کی فراہمی ، ڈمپنگ سائٹ اور سینٹری ورکرز کی بھرتی ، گلیوں نالیوں کی صفائی اور گاوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔
اسسٹنٹ کمشنرنارووال نے اس حوالے سے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے علاقوں کی صفائی میں لوکل گورنمنٹ اور ضلع کونسل کے علاوہ دیگر افسران و عملہ سے تعاون کریں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹروسیم باسط،سی اومیونسپل کمیٹی سردارعلی،ڈی آئی احسان الحق،سیکرٹری شاہدخاں،محمدسعید ودیگراس موقع پرموجودتھے۔











