اوکاڑہ،18اگست(اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی نے راولپنڈی وومن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی اشتراک کے معاہدے کرلئے جن کے تحت یہ ادارے مختلف شعبہ جات میں ایک دوسرے کی سہولیات اور صلاحیتوں سے مستفید ہوں گے۔
مفاہمت کی ان یادداشتوں پر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور راولپنڈی وومن یونیورسٹی سے ان کی ہم منصب پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال جبکہ وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کی وی سی پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے دستخط کیے۔
ان معاہدوں کی رو سے اوکاڑہ یونیورسٹی دوسری دو جامعات کے ساتھ مل سے تعلیم و تحقیق کے مختلف پہلوﺅں پہ کام کرے گی جس میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول، طلباءکو ایک دوسرے کی لیبارٹریوں اور ہوسٹلوں کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا، باہمی اشتراک سے ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد، تحقیق اور جدت کے کلچر کو فروغ دینا اور طلباءکی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ ادارے تمام ثفافتی و اخلاقی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے طالبات کے لئے کھیلوں کے مختلف پروگرامز بھی منعقد کروائیں گے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن یہ ہے کہ تعلیم و تحقیق سے وابستہ اداروں اور افراد کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک وسیع نیٹ ورک تشکیل دیا جائے جس کے ذریعے ایک دوسرے کے وسائل سے فائدہ اٹھاکر پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر کیا جاسکے، اس سے پہلے اوکاڑہ یونیورسٹی تیس سے زائد جامعات کے ساتھ معاہدے کر چکی ہے اور ان پر عملی کام بھی شروع ہو چکا ہے۔











