پشاور؛ شہر بھر کو کیمیکل ملا دودھ سپلائی کرنیوالے 3 ڈیری مالکان گرفتار

26

پشاور، 18اگست(اے پی پی): محکمہ خوراک نے دودھ میں کیمیکل کی ملاوٹ اور شہر بھر کو مضر صحت دودھ سپلائی کرنیوالے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے تین ڈیری فارم مالکان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا ہے۔

سیکرٹری فوڈ خیبر پختونخوا محمد عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر جاری کردہ مہم کے تحت راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے شہر بھر کو دودھ سپلائی کرنیوالے ڈیری فارمز میں چیکنگ کی اور نرخوں بارے آگاہی بھی حاصل کی۔

دودھ میں کیمیکل کی ملاوٹ کرنے پر رنگ روڈ پر قائم عسکری ڈیری فارم بالمقابل ہائپر مال ، تاج آباد روڈ پر شکیل ڈیری فارم اور عثمان ڈیری فارم کے مالکان کو گرفتار کر کے پندرہ روز کیلئے جیل منتقل کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کی طرح پشاور میں بھی محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مہم میں مزید تیزی لاتے ہوئے سپلائرز کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔