کراچی،19 اگست (اے پی پی):پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہندومت کے بزرگ سنت شری سوامی وچار پران آنند جی مہاراج نے ہفتہ کو کراچی میں شری پرمھانس ادویت مندر کا افتتاح کیا۔ہندو مہاراج کے درشن کے لئے تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ہندو برادری کے عقیدت مندوں نے سوامی وچار پران آنند جی مہاراج کا درشن کیااور ان سے آشیرواد حاصل کیا۔
ہندوسنت اپنے شاگردوں کے ہمراہ گندھارا ٹورازم پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی دعوت پر پاکستان کے 4 روزہ دورے پرآئے ہوئے ہیں۔سوامی وچار پون آنند مہاراج نے حاضرین سے خطاب کیاجبکہ تقریب میں گلوکاروں نے بھجن بھی پیش کیے۔
اس موقع پر سوامی جی نے آنند آشرم کراچی میں شری پرمھانس ادویت مندر کا بھی افتتاح کیا۔قبل ازیں دورہ کرنے والے مذہبی وفد کے اعزاز میں گذشتہ شب کراچی پہنچنے کے بعد آنند پور آشرم میں شاندار استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جبکہ صبح کو آرتی پوجا بھی کی گئی۔
اپنے دورے کے دوران، شری سوامی وچار پورن آنند جی مہاراج، نو تعمیر شدہ شری پرمھانس ادویت مندر میں صبح کوآرتی پوجا اور شام کو درشن اور ستسنگ کے اجتماعات بھی کروائیں گے۔











