جلالپورپیروالا؛ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک کیجانب سے فلڈ ریلیف کیمپ قائم

66

جلالپورپیروالا،20 اگست (اے پی پی ):دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ نے فلڈ ریلیف کیمپ لگا دئیے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں گھر گھر جا کر مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگا رہی ہیں اور مویشی پال حضرات کو سیلاب سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بارے آگاہی دے رہی ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ ڈاکٹر جمشید اختر نے دریا سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا، مویشی پال حضرات سے ملے اور حفاظتی ٹیکوں کی بابت دریافت کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے مویشی پال حضرات کو سمجھایا کہ مویشیوں کی مناسب پیداوار اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے سیلاب کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو لازمی طور پر حفاظتی ٹیکے لگوائیں،سیلاب سے پہلے مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں،سیلاب سے پہلے مویشیوں کے لیے چارہ اور بھوسہ محفوظ کریں اور مویشیوں کو سخت موسم سے بچانے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔