دریائے ستلج کے نشیبی علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرقصور

39

قصور۔    21 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے کہاہے کہ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاواکی ہدایات کیمطابق دریائے ستلج کے نشیبی علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، گزشتہ روز تلوار پوسٹ پر پانی کا بہاو 2لاکھ 22ہزار 955کیوسک تھا‘دریائے ستلج میں تلوار پوسٹ پر چوبیس گھنٹوں کے بعد اس وقت پانی کا بہاو 1لاکھ 57 ہزار کیوسک ہے۔آج مزید 4 سو لوگوں کو ریسکیو کیا گیا‘179کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا‘ایم سی ایل، ایل ڈی اے، واسا کے تمام ریسورسز قصور انتظامیہ کی صوابدید پر دے دئیے گئے ہیں، 11 میڈیکل کیمپس سے 7121 افراد کو طبی امداد و ادویات دی گئی ہیں،  تلوار پوسٹ پر موبائل ہسپتال میں 1060لوگوں کا علاج معالجہ کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دریائے ستلج تلوارپوسٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کا کہاکہ دریائے ستلج کے متاثرہ علاقوں میں بوٹس اور بیڑے مسلسل چکر لگا رہے ہیں، ہر چھوٹے بڑے دیہی علاقے کو چیک کیا جارہا ہے،تلوار پوسٹ پر پوری انتظامی مشینری کا فل بیس کیمپ قائم ہے، ریلیف آپریشن کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے، متاثرہ علاقوں سے خصوصی ٹرانسپورٹ کے ذریعے لوگوں کو بوٹس تک پہنچایا جارہا ہے تمام محکمے دن رات متاثرین کی مدد و بحالی میں مصروف ہیں۔چوبیس گھنٹے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ٹیمیں موجود ہیں۔ ڈی سی قصورمحمدارشدبھٹی نے کہاکہ ڈی پی او قصورطارق عزیزسندھو کے ساتھ مل کر سیلابی صورتحال اور ریلیف کی کارروائیوں کی مسلسل مانیٹرنگ براہ راست کررہے ہیں،  دریائے ستلج میں میں پانی کے بہاؤ کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے بیک اپ ریسکیو و ریلیف ٹیمیں بھی تیار ہے۔ دریائے ستلج سے ملحقہ دیہات میں ریونیو ٹیمیں مسلسل موجود ہیں۔ صوبائی، ضلعی محکمے دیگر اداروں کے ہمراہ دن رات متاثرین کی مدد و بحالی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دریائے ستلج سیلاب ایریاز سے 23ہزار 764افراد کو ابتک ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے‘سیلابی علاقوں سے 16ہزار جانوروں کو بیڑوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ قصور میں دریائے ستلج سیلاب سے تحصیل قصور اور تحصیل چونیاں کے دیہات متاثر ہوئے ہیں۔دفعہ 144کے تحت خالی کرائے گئے 15 دیہاتوں کی حفاظت کے لیے 8 پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کیمپس اور قریبی دیہات میں کھانا بروقت مہیا کیا جارہا ہے۔ ریسکیو بوٹس 93 بیڑے، 3 مسلسل سیلاب میں متحرک ہیں۔اضافی ڈمپرز اور ٹرالیاں لاہور سے قصور پہنچ چکی ہیں۔سیلاب متاثرہ ایریاز میں 13فلڈ ریلیف کیمپس، 11میڈیکل کیمپس اور 4لائیو سٹاک کیمپس کام کررہے ہیں۔ میڈکل کیمپس، لائیو سٹاک کیمپس قائم ہیں۔جانوروں کو چارہ اور ونڈہ بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج سیلاب میں تلوار پوسٹ پر تمام محکموں کے افسران، عملہ اور مشینری مسلسل ڈپلائے رکھی گئی ہے۔ سیلاب کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔متاثرین کی مکمل مدد کی جارہی ہے۔