ملتان؛نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور کی اپ گریڈیشن وقت کی اشد ضرورت ہے، کمشنر

85

ملتان،23 اگست(اے پی پی):کمشنر عامر خٹک نے نشتر ہسپتال میں ہیومن ریسورس کی کمی اور ہسپتال کی فعال وغیر فعال مشینری،ہسپتال میں بیڈز اور ادویات کی دستیابی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور کی اپ گریڈیشن وقت کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر خٹک نے نشتر  ہسپتال کی اپ گریڈیشن، مسائل کی نشاندہی اور حل کےلئے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر ،وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر رانا الطاف، پرنسپل ڈاکٹر راو قمر،ایم ایس نشتر ہسپتال راؤ امجد، ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر اور  متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ واجد علی شاہ اور دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

 واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نشتر  ہسپتال کی اپ گریڈیشن، مسائل کی نشاندہی ا ور حل کےلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے چیئرمین کمشنر ملتان عامر خٹک  جبکہ  سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، ڈپٹی کمشنر ،وائس چانسلرنشتر یونیورسٹی، پرنسپل نشتر میڈیکل یونیورسٹی، ایم ایس نشتر ہسپتال، متعلقہ وارڈ کا پروفیسر، محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کا نمائندہ اور آئی ڈیپ کا نمائندہ کمیٹی ممبران میں شامل ہیں۔