بدین،23ا گست ( اے پی پی ): محکمہ صحت کی جانب سے 28 اگست سے 9 ستمبر تک ضلع میں انٹیگریٹیڈ آؤٹریچ ایکٹوٹی (آئی او اے ) کے نام سے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ جس میں پیدائش سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں اور حاملہ خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کے زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ مہم کی کامیابی کا دارومدار جامع مائکرو پلان پر ہے مہم کے آغاز سے قبل محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلع بدین میں کام کرنے والی این جی اوز کے ساتھ مل کر شہر اور دیہاتی علائقوں میں حفاظتی ٹیکوں کے متعلق لوگوں کو آگاہی دی جائے ۔
ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہواز خان نے عوام الناس کو بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اور جان لیوا امراض سے بچاؤ کے لیئے اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں ۔انہوں نے کہا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرائیں۔
اس موقع پر این اسٹاپ افسر ڈاکٹر کریم بخش گاڈاہی نے پولیو، ای پی آئی اور سرویلینس کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ظہیر الدین میمن ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر دین محمد ڈیرو ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سرفراز سموں، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی بشیر احمد عباسی ، کمیونیکیشن افسر سہیل راٹھوڑ اور متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔











