تھرپارکر؛تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

69

تھرپارکر،24 اگست(اے پی پی): پاکستان بیت المال تھرپارکر کی جانب سے مٹھی میں تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال تھرپارکر محمد عامر خان، سول سرجن ارشاد میمن، ڈاکٹر دلیپ نندانی، ڈاکٹر دلپت سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ ایف نائن پارک اسلام آباد میں پاکستان بیت المال کی طرف سے قائم کئے گئے تھیلیسیمیا سنٹر کے بارے میں آگاہی دی گئی جہاں تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر تین سو ملین (30کروڑ) افراد تھیلیسمیا کے مرض کا شکار ہیں یا ان میں اس مرض کی علامات پائی جاتی ہیں اور ناجانے کتنے ہی مریض اب تک اس مرض کے ہاتھوں اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا دراصل خون کا مرض ہے جس میں معیاری خون کم مقدار میں بنتا ہے، یہ سرخ خلیوں میں موجود ہیموگلوبن کا پیدائشی نقص ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ کی ہدایت پر پاکستان بھر میں اس مرض کے بارے میں آگاہی وشعور بیدار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ اس مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے میں معاونت مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ ماں اور باپ دونوں میں تھیلیسمیا مائنر ہو تو نئے پیدا ہونے والے بچوں کو تھیلیسیمیا میجر لاحق ہو سکتا ہے، کزن میرج سے تھیلیسیمیا کی بیماری کے ذیادہ امکانات ہوتے ہیں، ایسی شادیوں سے پہلے تھیلیسمیا ٹیسٹ ایچ بی الیکٹرو فروسس لازم کروائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھیلیسمیا ٹیسٹ کا رجحان نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے یہ مرض بے قابو ہوتا جا رہا ہے، آج ہی اپنا تھیلیسمیا ٹیسٹ ایچ بی الیکٹرو فروسس کرائیں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال ملک بھر میں غریب عوام کو ریلیف پہنچانے والا ایک بے مثال عوامی اور سماجی ادارہ ہے،

 اسی طرح تھیلیسیمیا کی موذی بیماری کے خلاف بھی پاکستان بیت المال نے ایف نائن پارک میں پاکستان تھیلیسمیا سنٹر قائم کیا ہے۔ اب اس مرض کے بارے میں عوام الناس میں آگاہی کی غرض سے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے، تھیلیسیمیا سے بچاؤ کا واحد حل بہترین احتیاطی تدابیر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے تھیلسیمیا کے مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا ہے، جس کا فارم پاکستان بیت المال کی ویب سائیٹ www.pbm.gov.pk پر موجود ہے، آگاہی مہم میں پاکستان بیت المال کے ملک بھر میں دفاتر اور پراجیکٹس کے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پاکستان کے ہر ضلع میں مقامی سماجی تنظیموں کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔