اسلام آباد؛وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تندہی سے کام کرنیکی ہدایت کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

49

اسلام آباد،25اگست (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت خارجہ اور پاکستان کے خارجہ مشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تندہی سے کام کریں۔

 ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بریفنگ میں پاکستان کے بیرونی تعلقات کے تمام پہلوﺅں، وزارت خارجہ کے کام، مختلف خطوں اور ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی حالیہ کوششوں اور مستقبل کی ترجیحات کا احاطہ کیا گیا۔

 وزیر اعظم کو وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کی جانب سے بیرون ملک کام کرنے والے اور مقیم پاکستانیوں کی سہولت کےلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

 ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک متحرک خارجہ پالیسی اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی سفارت کاری، رابطوں اور عوامی سفارت کاری کے حوالے سے پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے وژن کا اشتراک کیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ اور پاکستانی خارجہ مشنز کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تندہی سے کام کریں۔