ارشد ندیم ورلڈ  ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں تمغہ حاصل کرنیوالے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

14

 

اسلام آباد،28 اگست (اے پی پی( :پاکستان کے  ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کردیا۔ورلڈ  ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں تمغہ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی  ایتھلیٹ بن گئے۔ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔انہوں  نے 87.82 میٹر دور نیزہ پھینک کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

87.82 میٹر ان کی اس سال کی بہترین تھرو ہے، اس شاندار کار نامے پر صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے کھیل کے میدان میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی،آپ قوم کا فخر ہیں،مستقبل میں بھی کھیل کے میدان میں آپ کی کامیابی کیلئے دعاگو رہیں گے۔

 نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے  ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے قوم کوخوش اور ملک کا نام فخر سے بلندکردیا ہے ۔

شاندار کامیابی پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی مایہ ناز پاکستانی  ایتھلیٹ کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اپنی جیب سے دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ عوام کے مختلف طبقات کی طرف سے بھی  ایتھلیٹ ارشد ندیم کو شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔

یاد رہے کہ اس مقابلے میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے 88.17 میٹر دور تھرو کرکے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔