ڈیرہ غازی خان ،29 اگست(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے اپنے اضلاع میں لا اینڈ آرڈرکی موجودہ صورتحال، اقلیتی عبادت گاہوں اور غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کےاقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔
اجلاس میں تمام تر سکیورٹی اقدامات اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ چاروں اضلاع میں ڈی پی اوز غیر ملکی شہریوں باالخصوص چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ان کی نقل و حرکت کے دوران سخت سکیورٹی یقینی بنائیں اور ریجن بھرمیں امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے دیگرقانون نافد کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ اور مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن وامان قائم رکھنے کے لیے قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاتفریق قانون کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
اجلاس میں ڈیرہ غازیخان ، مظفر گڑھ، لیہ اور راجن پور کے ڈی پی اوز ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔











