وہاڑی۔ 29 اگست (اے پی پی):سیکرٹری لائیوسٹاک جنوبی پنجاب ناصر جمال ہوتیانہ نے جنوبی پنجاب کی جدید ترین ویٹرنری ڈائیگناسٹ لیب کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ڈی جی ایکسٹینشن ریسرچ پروڈکشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر اعجاز محمود گورسی،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملتان ڈویژن ڈاکٹر محمد سبطین بھٹی،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر رائے ذاکر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محسن بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان حسن،ڈاکٹر اقبال مشتاق اعوان، ڈاکٹر رضوان،ڈاکٹر اسماء، ڈاکٹر یاسین اور ویٹرنری آفیسرز موجود تھے۔ سیکرٹری لائیو سٹاک ناصر جمال ہوتیانہ نے لیبارٹری کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا ۔انہوں نے ویٹرنری ڈسپنسری کے سبز ہ زار میں پودا بھی لگایا سیکریٹری جنوبی پنجاب ناصر جمال ہوتیانہ نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کا قیام اس خطہ میں لائیو سٹاک کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت ہے اس سے جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص اور ان کا بروقت اور بہترین علاج ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس لیبارٹری کا تخمینہ 3کروڑ50لاکھ تھا جسے 3کروڑ12لاکھ روپے میں مکمل کیا گیا ڈائیگناسٹک لیبارٹری میں دیگر آلات و مشینری سمیت جدید ترین سی بی سی اینالائزر مشین مہیا کی گئی جس سے بیک وقت 8 مختلف نسلوں اور اقسام کے جانوروں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود ہے اور پنجاب بھر میں اپنی نوعیت کی یہ واحد مشین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 38ملین لائیو سٹاک موجود ہے اور زرعی شعبہ میں لائیو سٹاک کا حصہ 62فیصد ہے پاکستان سمیت دنیا میں گوشت اور دودھ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر لائیو سٹاک کو فروغ دینا اس لئے بھی ضروری ہے کہ اس سے تیار کردہ مصنوعات سے ہم خطیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔











