چنیوٹ؛ ڈی پی او عبداللہ احمد کی زیر قیادت انسداد منشیات آگاہی واک کا اہتمام

32

چنیوٹ، 29 اگست(اے پی پی):انسداد منشیات کیلئے  چنیوٹ پولیس کے جانب سے عملی اقدامات جاری ہیں۔ڈی پی او عبداللہ احمد کی زیر قیادت انسداد منشیات آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ انسداد منشیات آگاہی واک میں ضلع بھر سے پولیس افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ ضلع بھر سے منشیات کا خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو نشہ کی لعنت سے بچائیں گے،منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف سپیشل مہم کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی رگوں میں منشیات کا زہر اتارنے والے سماج دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لاکر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے کہا کہ عوام کو چاہیے منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ منشیات سے پاک معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ آپ کے علاقہ میں منشیات فروشی کی صورت میرے ذاتی  نمبر 0323-7543444  پر اطلاع دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔