بھکر،29 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کیمطابق اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے کیلئے تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں سرکاری اور مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں تشکیل دئے جانے کا مقصد گاؤں کے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے تحت گلیوں ،نالیوں کی باقاعدہ صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے خصوصی پلان ترتیب دئیے جارہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلع کونسل ہال میں نمبرداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو سید ظفر حسن نقوی بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں سیکرٹری یونین کونسلزاور ریونیو ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے سرکاری اہلکاران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے سب سے پیچیدہ مسائل صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سینی ٹیشن کے نظام کی ابتر صورتحال کے باعث پیدا ہوتے ہیں اس پروگرام کی بدولت گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک ہوگا اور ہم یقین سے کہتے ہیں کہ یہ مسائل مذکورہ پروگرام سے حل کئے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نمبردار حضرات ہمارے بازو بنیں اور اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کی کامیابی کے حصول میں اپنا کامل کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس پروگرام کا ایک بنیادی مقصد دیہاتوں میں زندگی گزارنے والے افراد کو بنیادی سہولیات انکے گھروں کی دہلیز تک پہنچانا ہے علاؤہ ازیں گاؤں کی سطح پر چوکیداری نظام کو فعال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گاؤں گاؤں آنیوالی لائیو سٹاک،صحت سمیت دیگر ٹیموں سے بھرپور تعاون کیا جائے انکی کارکردگی بارے ویلیج ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو مسلسل آگاہ رکھیں تاکہ عوامی خدمت کا مشن جاری رہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کو مرحلہ وار تیز رفتار انداز میں آگے بڑھائیں گے۔











