ترک بحری افواج کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند تاتیل اوگلو کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ

29

اسلام آباد،06 ستمبر (اے پی پی ): ترک بحری افواج کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند تاتیل اوگلو نے  نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا،  نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ  کے مطابق پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔بعدازاں نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ نے کمانڈر ترک بحری افواج سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ترک بحری افواج کے کمانڈر نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

ایڈمرل ارجمند تاتیل اوگلو کے دورے سے دونوں ممالک باالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔