ملتان، 06 ستمبر 2023(اے پی پی): وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ وطن عزیز کےلئے قربانیاں دینے والے شہداءکی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی آج ہم جن آزاد فضاؤں میں سانسیں لے رہے ہیں وہ انہی کی وجہ سے ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب ست خطاب کرتے ہوئے کیا جو دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیراہتمام چھ ستمبر کو منعقد ہوئی، تقریب کی کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔ تقریب میں تمام شعبوں کے سربراہوں، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ہمارے دل انکے ساتھ دھڑکتے ہیں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور کہا کہ طالبات ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں مستقبل میں وہ ملک کی محافظ بن کر دفاع پاکستان کےلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر طالبات ، ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈاکٹر ریما نظر اور بینظیر پیٹر نے ملی نغموں سے مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اساتذہ اور انتظامی افسران میں سرٹیفکٹ تقسیم کئے اورملک کی ترقی و خوشحالی کےلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔











