سیالکوٹ،07ستمبر(اے پی پی):سیالکوٹ میں بجلی چوری کے سدباب کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر سربراہی ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی قائم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر گوجرانولہ الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے نمائندگان رکن ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ انفورسمنٹ کمیٹی ضلع بھر میں بجلی چوری کا سدباب کرے گی اور بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے جو لوگ اس میں ملوث ہیں وہ قانون کی گرفت میں آنے سے بچنے کیلئے اس کو ترک کردیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کے نمبر9250011پر اطلاع دیں ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔











